سرینگر6؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)کشمیر میں60ویں دن بھی معمولات زندگی ٹھپ رہنے کے درمیان آج علیحدگی پسندوں نے وادی میں ہڑتال 16ستمبر تک کیلئے بڑھا دی۔انہوں نے اس مدت کے دوران اپنے احتجاجی تحریک کا پروگرام بھی جاری کیا جس کے تحت لوگوں سے12ستمبر کوعیدالاضحی کے دن میمورنڈم کے حوالے کرنے کیلئے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کے دفتر کی طرف مارچ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔مشترکہ علیحدگی پسند خیمے نے اماموں اور خطیبوں سے تحریک جاری رکھنے اوراہم سیاسی جماعتوں،رہنماؤں، انتخابات، انتخابی ریلیوں اور انتخابی مشینری کا بائیکاٹ کرنے کا پیغام پڑھ کر سنانے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے لوگوں سے سادہ طریقے سے عیدالاضحی منانے اور مشترکہ طور پر جانوروں کی قربانی دینے اور اجتماعی دعوت کرنے کی بھی اپیل کی۔ہڑتال16ستمبر تک بڑھانے کا اعلان ایسے وقت کیا گیا جب وادی میں عام زندگی60دنوں سے ٹھپ ہے۔